امریکہ کا اصل نشانہ ہمارا نیوکلیئر پروگرام ہے، قوم فیصلہ کرے، غیرت سے رہنا ہے یا غلام بن کر ، شیخ رشید بھی میدان میں آ گئے

لاہور(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جوبائیڈن کے قومی ایٹمی پروگرام پر دیئے گئے بیان پر موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن کے بیان نے پاکستان میں تبدیلی کی وجہ بتا دی ہے، جن کے پیسے اور جائیدادیں ان کے ملکوں میں ہیں، ان کو ایٹمی ٹیکنالوجی کی پرواہ نہیں، اسحاق ڈار کے آنے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 1 ارب ڈالر کم ہو گئے ہیں،آئی ایم ایف کے پیسے ختم اور کہیں سے مدد نہیں مل رہی اورحالات سنگین سے سنگین تر ہوتے جارہے ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پرشیخ رشید نے امریکی صدر جوبائیڈن کے پاکستان سے متعلق تازہ بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔شیخ رشید احمد نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ جوبائیڈن کے بیان نے پاکستان میں تبدیلی کی وجہ بتا دی ہے، جن کے پیسے اور جائیدادیں ان کے ملکوں میں ہیں، ان کو ایٹمی ٹیکنالوجی کی پرواہ نہیں۔انہوں نے لکھا ہے کہ ہم روایتی اسلحے میں ہندوستان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لیے ایٹمی ٹیکنالوجی ہی پاکستان کی سالمیت کی ضامن ہے۔شیخ احمد نے کہا کہ امریکہ کا اصل نشانہ ہمارا نیوکلیئر پروگرام ہے،

ہماری معاشی سیاسی اقتصادی تباہی اس کی ابتداہے، کرپٹ سیاستدانوں کو مسلط کرنا پہلا قدم ہے، ملک میں عدم اعتماد، خانہ جنگی اور تفرقہ بازی کرانا دوسرا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت رہے نہ رہے ان کے ایجنٹ مسلط رہنے چاہئیں، قوم فیصلہ کرے، غیرت سے رہنا ہے یا غلام بن کر رہنا ہے۔قبل ازیں انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پی ڈی ایم کی ہچکیاں اور سسکیاں عوام کا راستہ نہیں روک سکتیں، عوام پہلے ہی بجلی،پیٹرول اور آٹے کے ہاتھوں کرش ہیں، اب طاقت سے کس کو کرش کرنا ہے،پی ڈی ایم کاسیاسی جنازہ نکل گیاہے،جوبھی ان کو سہارا دے گا ،اپنی عزت اوروقارنیلام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے ذاتی مفاد کے لئے قوم کوسامراجی طاقتوں کاغلام بنارہے ہیں،

وزیرخارجہ اپنے ملک سے لاپتہ ہیں،ان کاچورن کہیں نہیں بک رہا، پی ڈی ایم کے اندر سے حق سچ کی آوازیں آناشروع ہوگئی ہیں،انشا اللہ نومبرتک آر یاپار ہوجائے گا ۔اپنے بیان کے آخر میں شیخ رشید نے آج بروز اتوار 2 بجے لال حویلی میں اہم پریس کانفرنس کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close