کراچی (آئی این پی )سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط لکھ دیا جس میں ایک بار پھر بلدیاتی الیکشن 3 ماہ کے لیے ملتوی کرانے کا مطالبہ کردیاگیا ۔ ہفتہ کوصوبائی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا یہ تیسرا خط ہے، سندھ حکومت نے ایک بار پھر بلدیاتی الیکشن 3 ماہ کے لیے ملتوی کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث متعلقہ پولیس فورس فراہم کرنے سے قاصر ہیں،
بلدیاتی انتخابات کے لیے 5,000 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، 5 ہزار میں سے 1,305 انتہائی حساس اور 3ہزار 688 پولنگ اسٹیشن حساس ہیں (یعنی صرف 7 پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جہاں کوئی خظرے والی بات نہیں)۔سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 39 ہزار 293 پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے ان میں سے 22 ہزار 507 کی نفری فراہم کرسکتے ، 16ہزار 786 کی کمی کا سامنا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کراچی کے مختلف اضلاع کے ٹینٹ سٹی میں رہائش پذیر ہیں،
ملیرکے جن اسکولوں میں سیلاب متاثرین ہیں وہ مجوزہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے کراچی میں 23 اکتوبرکو بلدیاتی انتخابات کرانیکا اعلان کر رکھا ہے اور سندھ حکومت الیکشن ملتوی کرنے کے لیے اس سے قبل بھی 2 مرتبہ خط لکھ چکی ہے تاہم الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کرچکا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں