عمران خان کیخلاف نازیبا زبان کا استعمال، پی ٹی آئی نے رانا ثنا اللہ کیخلاف بڑا اقدام اٹھا لیا

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف گفتگو پر پیمرا سے رجوع کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر افتخار درانی کی جانب سے چئیرمین پیمرا کو ایک خط لکھا گیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے ٹی وی پروگرام میں عمران خان کیخلاف نامناسب زبان استعمال کی، رانا ثنااللہ نے عمران خان کیخلاف قابل مذمت زبان استعمال کی۔

 

 

ان الفاظ کی قومی میڈیا پر نشریات کی پیمرا قانون اور ضابطہ اخلاق میں گنجائش نہیں لیکن گفتگو کے اس حصے کو نشر مکرر اور سماجی میڈیا پر بھی بغیر کسی تبدیلی کے جاری کیا گیا۔خط میں مطالبہ کیا گیا کہ چیئرمین پیمرا مذکورہ پروگرام اور ٹی وی چینل پر قابلِ اعتراض مواد کا نوٹس لیں، اس مواد کو میڈیا اور سماجی میڈیا سے فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے، پروگرام کے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور ایڈیٹر سمیت متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نےکہا تھا کہ عمران خان اپنے ہوش وحواس کھوچکا ہے، اس کا انجام باؤلے جیسا ہوگا کیوں کہ اب یہ ہر کسی کو کاٹ رہا ہے، جس الیکشن میں اس نے ڈیڑھ کروڑ اور دوسری جماعتوں نے 2کروڑ سے زائد ووٹ لیے ہیں، یہ ان جماعتوں کو چور ڈاکو کہہ رہا ہے کہ میں ان کو چھوڑوں گا نہیں ؟ یہ کیسے ممکن ہے؟ اگر میں اس طرح کی صورتحال بناؤں گا تو اس کا مطلب میں خود ہی اپنے آپ کو خراب کروں گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان این آراو دینے والے اسٹیبلشمنٹ کو قرار دے رہا ہے، اس سے بندہ پوچھے کہ تم نے جھوٹے کیسز کس طرح ہم پر ڈالے تھے، مجھ پر اے این ایف کی مدد سے 15کلوجعلی ہیروئن کا مقدمہ دائر کرایا، اتنے گھٹیا لیول پر جاکر اس نے مخالفین سے انتقام لیا۔

 

 

اگر یہ جمہوری طریقے سے اور عوام کے ووٹوں کی مدد سے حکمران بننا چاہتا ہے تو یہ ناممکن بات ہے، ہاں اگر وہ سمجھتا ہے کہ ملک پر مارشل لاء نافذ کرنا ہے یا پھر مسلح جتھے کے ذریعے دھاوا بولنا ہے اور ملک پر قبضہ کرکے اپنا نظام چلانا چاہتا ہے تو اس طرح نہیں ہونے دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں