سندھ حکومت نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے پھر خط لکھ دیا

کراچی (آئی این پی)سندھ حکومت نے ایک بارپھرالیکشن کمیشن سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے درخواست کردی اور کہاکہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں کیاجاتا تو کراچی میں بلدیاتی انتخابات دومرحلوں میں کرائیں ۔ بدھ کو سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ دوبارہ درخواست کی جاتی ہے کہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 3 ماہ کیلئے ملتوی کیے جائیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں کیاجاتا تو کراچی میں بلدیاتی انتخابات دومرحلوں میں کرائیں، پہلے مرحلے میں کراچی کے 3 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں اور دوسرے مرحلے میں 4 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔سندھ حکومت نے موقف اپنایا ہے کہ دو مرحلوں سے سندھ حکومت کو وسائل کی دستیابی میں مدد ملے گی، دو مرحلوں میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات پرامن اور شفاف انداز سے ہوں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سندھ حکومت کی درخواست مسترد کردی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close