اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ صدر مملکت نے بھی عمران خان کو جھوٹا قرار دے دیا ، فارن فنڈڈ فتنہ صبح شام جھوٹ بولتا ہے اور جھوٹ بولنے کا سبق سکھاتا ہے ، عمران خان سے ان کا سوال پوچھو تو دوسروں پر چلے جاتے ہیں، جو آپ سے پوچھا جائے جواب بھی وہی آنا چاہیے نا لیکن عمران نیازی کی شخصیت جھوٹ پر مبنی ہے ،
عمران خان 4 سال تک وزیر اعظم رہے جبکہ عمران خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو وزیر اعظم ہائوس کے باتھ روم میں بند کیا ، عمران خان اپنی چوری چھپانے کے لیے دوسروں پر چوری کا الزام لگاتے ہیں ، عمران خان کا وطیرہ ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے اور عمران خان اپنا قد بڑھانے کے لیے نواز شریف اور شہباز شریف کا نام لیتا ہے،یہ جھوٹا شخص 4 سال تک اقتدار پر قابض رہا ہے،کل سے کہہ رہا ہے وزیر اعظم ہاس کی آڈیو لیک کے خلاف میں عدالت جا رہا ہوں لیکن عدالت جانے کا کیا مقصد ہے کیونکہ جے آئی ٹی بن چکی ہے اور آپ نے وہاں پیش ہونا ہے۔ عمران خان کی آڈیو میں وہ خود کہہ رہے ہیں کہ سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے۔منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیا ن پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران نیازی فارن فنڈڈ فتنہ ہے لوگ اسے پہچانیں کیونکہ فارن فنڈڈ فتنہ اورجھوٹا شخص صبح ،دوپہر، شام صرف جھوٹ بولتا ہے، اس کا کام صرف جھوٹ بولنا، جھوٹ بولنے کا سبق سکھانا اور جھوٹ بولنے کی تلقین کرنا ہے جب کہ عمران نیازی کی شخصیت صرف جھوٹ، جھوٹ اور جھوٹ پر مبنی ہے،صدر مملکت بھی عمران خان کو جھوٹا شخص قرار دے چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہعمران نیازی سے سوال پوچھا جائے تو یہ دوسروں سے سوال پوچھنا شروع ہو جاتے ہیں، فارن فنڈنگ کا سوال کیا جائے تو یہ کہتے ہیں کہ دوسری پارٹیوں کی فارن فنڈنگ بھی ہوئی،اپنے سوال کا جواب دیں، فارن فنڈنگ کا فیصلہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف آیا ہے،عمران خان پارٹی فنڈنگ اور اکائونٹیبلٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران نیازی نے صرف ایک بیانیہ بنانا ہے کہ اگر کوئی مجھے جھوٹا اور کرپٹ کہے تو میں اتنا جھوٹ بولوں کہ وہ سچ لگنے لگے، چوری کی بات پوچھی جائے تو یہ دوسروں پر چوری کا الزام لگانا شروع کر دیتے ہیں،یاد ماضی ایک عذاب ہے یا رب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان صاحب کا اس وقت یہ حال ہے،عمران خان چار سال ملک کے وزیراعظم رہے اور ڈی جی ایف آئی اے کو وزیراعظم ہائوس کے باتھ روم میں بند کیا۔عمران نیازی نے طیبہ گل کو وزیراعظم ہائوس میں حبس بے جا میں رکھا، چار سال تک احتساب کی مشینری رہی، پوری ریاستی طاقت ان کے پاس موجود تھی جس کا انہوں نے ناجائز استعمال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج عمران خان کا یہ کہنا کوئی معنی نہیں رکھتا کہ مریم نواز، حسن نواز، حسین نواز کہاں رہتے ہیں اور کون سے فلیٹس ہیں، وہ جو باتیں کر رہے ہیں تو ایون فیلڈ کیس میں نیب کیوں ثبوت پیش نہیں کر سکا،اگر عمران نیازی کے پاس چوری کی دستاویزات اور شواہد موجود تھے تو انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ گرفتار کیا، ان کے خلاف کیوں ثبوت پیش نہیں کئے،عمران نیازی بار بار جھوٹ بول کر الزام لگاتا ہے، یہ تماشا بند کرنا ہوگا، عمران خان آج بھی جلسوں میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولتا ہے، یہ وہ شخص ہے جس نے خود آئین شکنی کی اور وہ آئین پر حلف لے رہا ہے، اپنا قد بڑھانے کے لئے نواز شریف کا نام لیتا ہے اور جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کرتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں