آپ میری امیدوں پر پورا نہیں اترے، عمران خان نے راولپنڈی کے کارکنان سے شکوہ کر دیا

راولپنڈی (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس بار عوام جب اسلام آباد آئیں گے رانا ثناء اور شہباز شریف الٹے بھی لٹک جائیں کچھ نہیں کرسکیں گے، دونوں کو 30، 40 سال سے جانتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ مارچ کی پلاننگ کر رہا ہوں، ہمیں پتہ ہے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے انہیں نہیں پتہ ہم نے کیا کرنا ہے؟

 

 

راولپنڈی میں تحریک انصاف کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کو جس طرح عوام کا سمندر آنا تھا وہ نہیں آیا، پنڈی کے ٹائیگروں سے جو امید تھی اس طرح پنڈی کی ٹیم نہیں نکلی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جتنا انسان بزدل ہوتا ہے اتنا ظالم ہوتا ہے، دلیر ظلم نہیں کرتا، اسےاعتماد ہوتا ہے خود پر، انہوں نے چار دفعہ لانگ مارچ کیے، مریم نواز نے بھی کوشش کی لانگ مارچ کی لیکن قیمے کے نان راستے میں ہی ختم ہوگئے۔ بلاول بھٹو نے بھی کانپیں ٹانگنے والی مارچ کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے فون ٹیپ کیے گئے، ہمارے نوکروں کو خریدنے کی کوشش کی گئی، میری حمایت کرنے پر لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب نے اسحاق ڈار سے پوچھا آپ کے اثاثے 80 کروڑ میں کیسے بدلے، وہ ملک سے بھاگ گیا، یہ سارے یہاں سے لندن بھاگ جاتے ہیں، ایسا لگتا ہے یہ سارے لندن میں پیدا ہوئے ہیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ ابھی باپ بیٹی نے لندن میں پریس کانفرنس کی، بڑی دکھ بھری کہانی سُنا کر کہہ رہے ہیں ان کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی، کیا یہ پاکستانی عدلیہ پر یا اسٹیبلشمنٹ کی طرف اشارے کر رہے ہیں؟ ایک جواب قوم مانگ رہی ہے کہ پیسے کہاں سے آئے، جواب ہی نہیں دے رہے۔

 

 

پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ یہ جو 4 محل لندن میں بنائے ہیں ان کے پیسے کہاں سے آئے؟ مجھ سے سوال پوچھتے ہیں، میں تو کرکٹ کھیل رہا تھا ایک ایک پیسے کا جواب دیا، نواز شریف تین مرتبہ وزیراعظم رہا وہ کیوں نہیں جواب دے سکتا؟عمران خان نے کہا کہ مریم کہہ رہی ہے کہ وہ عدالت سے بری ہو کر سرخرو ہوئی، اب تو زرداری بھی بری ہونے والا ہے، انہوں نے جو قانون بنائے ہیں جو بھی ڈاکو طاقت ور ہوگا وہ بری ہوگا، نیب کے اندر تبدیلیاں کرکے انہوں نے خود کو بری کروایا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں