نارنگ منڈی (پی این آئی) جی ٹی روڈ پر واقع شیخوپورہ کے علاقے نارنگ منڈی میں 8 افراد کے قتل کیس میں مقامی پولیس کی غفلت ثابت ہو گئی جس کے بعد تھانہ نارنگ کے ایس ایچ او سمیت 5 اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر مخبوط الحواس ملزم کے خلاف پولیس کے پاس 2 درخواستیں آئیں لیکن مقامی پولیس نے کارروائی نہیں کی۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم فیض رسول نے 8 افراد کے قتل سے 2 روز قبل والدہ، بہن اور مقامی اسکول کے پرنسپل کو زخمی کیا تھا۔مقامی لوگوں نے ملزم کو پکڑ کر نارنگ پولیس کو اطلاع دی مگر پولیس نے 2 تحریری درخواستوں کے باوجود اس کےخلاف کاروائی نہیں کی۔یہ بات اہم ہے کہ ملزم فیض رسول نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مختلف مقامات پر سوئے ہوئے 8 افراد کو قتل کردیا تھا، ملزم کو کانسٹیبل ظفر اقبال نے خون آلود کپڑے ہاتھ میں کلہاڑی اور راڈ دیکھ کر گرفتار کیا تھا۔مقامی لوگوں کے مطابق ملزم فیض رسول نے میٹرک کے امتحان میں اپنے اسکول میں ٹاپ کیا تھا۔ملزم کا ذہنی مرض جانچنے کے لیے میڈیکل معائنہ کرایا جا رہا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں