وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے متعلق اسلام آباد پولیس کا بڑا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے معاملے پر اسلام آباد پولیس کا ردعمل سامنے آگیا۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وارنٹ کی تعمیل کے لیے اینٹی کرپشن ٹیم تھانے آئی تو ان سے کاغذات وصول کیے جائیں گے۔

 

 

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ٹیم سے درخواست کی جائے گی کہ وہ تعمیل کے لیے ریکارڈ مہیا کرے تاکہ قانون کے مطابق عمل کیا جاسکے۔خیال رہےکہ اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیےگئے ہیں۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق اینٹی کرپشن نے رانا ثنا کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وارنٹ جاری ہونےکے بعد اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم پولیس کی مدد لینے تھانہ کوہسار پہنچی تھی جہاں انہوں نے پولیس کو وفاقی وزیر داخلہ کے وارنٹ سے آگاہ کیا جس پر پولیس حکام نے مؤقف اپنایا کہ رانا ثنا اللہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اینٹی کرپشن کی ٹیم میں 4 افسران شامل تھے جنہیں وفاقی پولیس نے واپس بھیج دیا۔پولیس حکام نے اینٹی کرپشن کو بتایا کہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر ایڈریس فیصل آباد کا ہے اور وہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close