کراچی (پی این آئی) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کرپشن کے پیسوں سے 5 ممبرز خریدے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو 5 ممبر خریدے گئے وہ کتنے پیسوں میں خریدے گئے؟
وزیر اطلاعات سندھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی آڈیو سے ثابت ہوا کہ 5 ممبر خریدے گئے،اس وقت کچھ لوک ملک کے خلاف سازشوں میں مسلسل مصروف ہیں۔ایف آئی اے سے گزارش کرتا ہوں کہ عمران خان کیخلاف کارروائی کی جائے،چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف فوری طور پر قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ تحریک انصا ف کی تمام سازشیں ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہی ہیں،اقتدار سنبھالنے کے بعد بھی عمران خان انوکھا لاڈلا بنے رہے۔چیئرمین پی ٹی آئی سلیکٹڈ وزیراعظم تھے،پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی،عمران خان واحد وزیراعظم ہے جن کو آئینی طریقے سے گھر بھیج دیا گیا۔عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے اور جعلی طریقے سےاقتدار میں آئے،عمران خان ملک کے ناکام ترین وزیراعظم رہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرخارجہ بلاول بھتو نے سیلاب متاثرین کا کیس پوری دنیا کے سامنے رکھا اور وزیرخارجہ کے بیرون ملک دورے کامیاب رہے،سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے کراچی میں بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں۔
کراچی میں 7 ارب روپے سندھ حکومت لگائے گی۔وزیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر پر13 ارب روپے لگائے جائیں گے،ورلڈ بینک سے کراچی کیلئے 6 ارب روپے ملیں گے۔سڑکوں اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔14لاکھ 20 ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں کو راشن فراہم کر چکے ہیں،5 لاکھ 23 ہزار 195 ترپال سیلاب متاثرین میں تقسیم کی گئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں