وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک ہفتے کے لیے مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے کو روکنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے 1100کنٹینر قبضے میں لے لیے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے دھرنے کے ممکنہ اعلان کے بعد دارالحکومت کو ایک ہفتے کے لیے مکمل سیل کر دیا جائے گا۔ اس دوران اسلام آباد کے سکولوں اور کالجز بند اور امتحانات ملتوی کر دیئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کو 25ہزار کی اضافی نفری فراہم کی جائے گی۔

پولیس کے پاس ربڑ کی 50ہزار گولیاں بھی ہوں گی۔ سکیورٹی اداروں کو آنسو گیس کے 60سے زائد شیل بھی فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو 10ڈرون بھی فراہم کیے جائیں گے جن کے ذریعے ممکنہ طور پر مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جاسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ دھرنا ناکام بنانے اور ممکنہ ہنگامہ آرائی کو روکنے کے لیے پہلی بار ہیلی کاپٹر کا استعمال بھی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سکیورٹی اداروں نے پی ٹی آئی کے فنانسرز کی گرفتاریوں کے لیے ان کی فہرستیں بھی تیار کر لی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے اگر بنی گالہ سے دھرنے کا اعلان کیا تو بنی گالہ کو سب جیل قرار دے کر انہیں ہاؤس اریسٹ کر لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close