واشنگٹن(پی این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ان دنوں پانچ روزہ دورے پر امریکہ میں ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کر چکی ہیں اور اب اسی طرح دور ہی رہنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بیمار معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے ہر فرد کی ترجیح ہونی چاہیے۔
مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنا کوئی ٹارگٹ بھی حاصل نہیں کر سکے گی۔ حتیٰ کہ مضبوط معیشت کے بغیر سفارت کاری بھی ممکن نہیں ہوسکتی۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ اپنے وعدے پر کاربند ہیں اور مدت ملازمت پوری ہونے پر عہدہ چھوڑ دیں گے۔رپورٹ کے مطابق اس تقریب کے بعد آرمی چیف امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون گئے جہاں انہوں نے وزیردفاع لائیڈ جیمز آسٹن سوئم، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جیکب جیرمیا سلیوان اور نائب وزیرخارجہ وینڈی روتھ شرمین کے ساتھ ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعاون سمیت دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں