وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب میں مزید 3اضلاع کی حتمی منظوری دیدی

لاہور ( پی این آئی ) صوبہ پنجاب میں 3 نئے اضلاع کی حتمی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے بزدار دور میں بنائے 2 نئے اضلاع سمیت 3 اضلاع کی حتمی منظوری دے دی، پنجاب حکومت کی طرف سے نئے اضلاع میں تونسہ شریف اور کوہسار کو ضلع بنانے کی منظوری دی گئی جب کہ وزیر آباد کو بھی ضلع بنانے کی حتمی منظوری دے دی گئی۔

 

 

بتایا گیا ہے کہ تونسہ شریف ، کوہسار اور وزیر آباد کو اضلاع بنانے کے بارے میں سمری متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی، تونسہ اور کوہسار کو اضلاع بنانے کا عمل سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں پنجاب کی صوبائی کابینہ نے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دے دی، جس کے تحت صوبے کے عوام کو آٹے، دال، گھی یا کوکنگ آئل پر40 فیصد تک رعایت ملے گی، پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے 100 ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دےدی ہے، جس سے 80 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے جنہیں آٹے، دال،گھی یا پکانے کے تیل پر 40 فیصد تک رعایت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آج سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، جو گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ اپنی رجسٹریشن کروائیں اس کے علاوہ کریانہ دکاندار بھی رجسٹریشن کروائیں جب کہ جو دکاندار پہلے سے پروگرام میں شامل تھے ان کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے، دکانداروں کو ہر سبسڈی سیل پر 8 فیصد کمیشن اور ہر سہ ماہی میں قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیئے جائیں گے۔

 

 

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں غریب و مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اس وقت کی حکومت کی جانب سے تاریخی سبسڈی پروگرام “احساس راشن” کا اجراء کر دیا گیا تھا جس کے ذریعے 2 کروڑ خاندانوں کے مستفید ہونے کی منصوبہ بندی کی گئی ، جنہیں آٹا، دالوں اور گھی اور کھانے کے تیل کی خریداری پر ماہانہ سبسڈی کی مد میں 1000روپے ریلیف فراہم کیا گیا، پاکستان تحریک انصاف حکومت کے منصوبے احساس راشن پروگرام کے لیے 4 کروڑ افراد نے درخواستیں جمع کروا ئیں جب کہ مجموعی طور پر 1 ملین افراد کامیابی سے اس پروگرام کے لیے رجسٹرڈ ہو ئے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close