نواز شریف کی واپسی کا حتمی فیصلہ، پٹیشن تیار کر لی گئی

لاہور(پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز کی عدالت سے بریت کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے، نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے اسحاق ڈار کی طرز پر پٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

 

اسحاق ڈار کی وطن واپسی اور مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز کی عدالت سے بریت کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے لندن میں اپنے وکلاء اور پاکستان میں موجود قانونی ٹیم سے مشاورت تیز کر دی ہے۔وکلاء کی جانب سے نواز شریف کی تقاریر نشر و شائع کرنے پر عائد پابندی کے خاتمے کے لئے عدالت سے رجوع کیا جائے گا، عدالتی حکم کے تناظر میں نواز شریف وطن واپسی کا فیصلہ کریں گے، مسلم لیگ (ن )کی قیادت نے پنجاب تنظیم کو نواز شریف کے فقید المثال استقبال کی تیاریاں کرنے کی بھی ہدایت دے دی ہے ، قیادت کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) پنجاب نے تمام ذیلی تنظیموں کو نواز شریف کے شاندار استقبال کی ہدایات جاری کر دیں ہیں ۔نجی ٹی وی نے پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مریم نواز کی لندن روانگی بھی متوقع ہے۔

 

 

لاہور ہائیکورٹ سے پاسپورٹ ملنے کی صورت میں مریم نواز لندن جائیں گی، بعدازاں مریم نواز اور پارٹی کے دیگر اہم رہنما نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آئیں گے،پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف وطن واپس آ کر ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے اور پارٹی کی تنظیم نو و دیگر امور کی نگرانی بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق وطن واپسی اسلام آباد میں ہو گی یا لاہور، اس کا حتمی فیصلہ نواز شریف لیگی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں