سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 150فیصد اضافہ؟ خبر نے ہلچل مچا دی

اسلام آباد (پی این آئی) سرکاری ملازمین کا تنخواہوں میں 150 فیصد اضافے کا مطالبہ، آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسانوں کا احتجاج تاحال جاری ہے، جبکہ اب سرکاری ملازمین کے احتجاج اور دھرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

 

 

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 13 اکتوبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا ہوگا جبکہ 4 اور 11 اکتوبر کو وزراتِ خزانہ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک احتجاجی مارچ ہو گا۔ سرکاری ملازمین کی نمائندگی کرنے والے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے حکومت کے سامنے مطالبات کی تفصیلات رکھی گئی ہیں۔موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک طرف حکومت کی جانب سے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کو 150فیصد ایگزیکٹو الاؤنس دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کی اپ گریڈیشن 8 سال سے تعطل کا شکار ہے۔وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تنخواہوں میں تفریق کے شکار وفاقی ملازمین کو ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے، صوبائی طرز پر گریڈ ایک سے 16 کے وفاقی ملازمین کی اپ گریڈیشن کی جائے، حکومت گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کی تنخواہ میں150 فیصد اضافہ کرے اور 11 فروری معاہدے اور 12 اپریل 2021 کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سفارشات پر عمل کو یقینی بنائے۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے ہاؤس رینٹ، میڈیکل، کنوینس الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کیا جائے جبکہ ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ، ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا جائے۔

 

 

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ مہنگائی کے تناسب سے پنشنرز کی پنشن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ رواں سال کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 2 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا، ایک مرتبہ تحریک انصاف کی سابقہ حکومت جبکہ ایک مرتبہ شہباز شریف حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close