اسلام آباد: (پی این آئی) وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ایک ماہ میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلو کمی یقینی بنانےکی ہدایت کی ہے۔احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف اکانومسٹ، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے حکام شریک ہوئے، شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب سے آلو، ٹماٹر اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ادارہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران 10 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، بجلی، ٹماٹر، ایل پی جی سلنڈر، کیلا، لہسن، دال مسور اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔اجلاس میں گندم اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی، اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، ایک ماہ میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلوکمی یقینی بنائی جائے۔احسن اقبال کا مزیدکہنا تھا کہ لیہ سےگندم کی فراہمی سے بلوچستان میں قیمت میں خاطر خواہ کمی آنی چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں