اسلام آباد(پی این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کا اختیار وزیراعظم کا ہے، پاکستان کے تمام ادارے خودمختار ہیں، جمہوری حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے واشنگٹن میں امریکی ادارے ’ فارن پالیسی ‘ کے ایڈیٹر ان چیف سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت نے ہمیں امداد کی آفرنہیں کی اور نہ ہم بھارت سے امداد چاہتے ہیں۔سیلاب سے پاکستان میں بہت تباہی ہوئی، متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،
عالمی برادری مصیبت کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دے۔ہم نے معیشت کی بحالی کے لیے سخت فیصلے بھی کیے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، مستقبل میں امریکا کے ساتھ تعلقات کو نئی سمت میں لے جانا چاہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔پاکستان پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہمشند ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت جیسی بھی ہو آمریت سے بہتر ہے، ہم جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں۔غیر جمہوری اقدامات کی حمایت نہیں کریں گے۔
Foreign Minister of Pakistan @BBhuttoZardari interview with @ForeignPolicy https://t.co/IzJB68H397
— PPP (@MediaCellPPP) September 27, 2022
جبکہ منگل کو واشنگٹن ڈی سی کے ولسن سینٹر میں اپنی گفتگو کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب اس بات کا ثبوت ہیں کہ گلوبل وارمنگ آج دنیا کو درپیش ایک وجودی خطرہ ہے۔پاکستان عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے لیکن ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ممالک میں سے ایک ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی انصاف کا خواہاں ہے۔ ہم ایک مضبوط قوم ہیں اور بین الاقوامی برادری میں اپنے دوستوں کے تعاون سے موسمیاتی لحاظ سے لچکدار انفراسٹرکچر کا استعمال کرتے ہوئے اسے بہتر اور سرسبز بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب نے پاکستان کو اس طرح کی اجتماعی کوششوں کا نمونہ بننے کے لیے ایک موزوں کیس بنا دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں