اسلام آباد (پی این آئی )کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے کوئٹہ کے معروف ڈاکٹر کے تین بیٹوں کو قتل کردیا۔نجی ٹی وی سماء کے مطابق پولیس کے مطابق چمن سے تعلق رکھنے والے آرتھو پیڈک ڈاکٹر ناصر اچکزئی کی فیملی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد جوائنٹ روڈ پر واقع ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی واپس آرہی تھی کہ گھات لگائے حملہ آوروں نے گھر کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں
ڈاکٹر ناصر اچکزئی کے تین بیٹے 20 سالہ زریان، 18 سالہ صدران اور 8 سالہ بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگئے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور میتوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ آئی جی بلوچستان کی جانب سے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔اپنے بیان میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کسی رحم کے مستحق نہیں، ان لوگوں کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
فی الحال کسی گروپ یا تنظیم کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے محرکات کیا ہیں؟ یہ کہنا قبل از وقت ہے، مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں