ایٹمی طاقت کے وزیراعظم آفس کی گفتگو ساڑھے 3 لاکھ ڈالر میں دستیاب ہے، پی ٹی آئی لیڈر کا ہوشربا دعویٰ

جہلم (آئی این پی)پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اب وزیراعظم آفس بھی محفوظ نہیں اس کی آڈیو لیک ہونے پر بڑی تشویش ہے۔ اسحاق ڈار کو لانے کیلئے مفتاح اسماعیل کو بے عزت کیا جارہا ہے، اتوار کو پنڈ دادن خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آفس کی115گھنٹے کی گفتگو لیک ہوئی اس پر بہت تشویش ہے، اب وزیراعظم آفس بھی محفوظ نہیں،

فواد چوہدری نے کہا کہ ڈارک ویب پر موجود آڈیو لیک کی ساڑھے3لاکھ ڈالربولی لگ رہی ہے، ایٹمی طاقت کے وزیراعظم آفس کی گفتگو ساڑھے3لاکھ ڈالرمیں دستیاب ہے،فوادچوہدری نے کہا کہ گفتگو سے پتہ چلتا ہے کہ ملک کے فیصلے لندن میں ہورہے ہیں، آڈیو لیکس وزیر اعظم آفس کی سیکورٹی پرمامور ایجنسیزکی ناکامی ہے، وزیراعظم کا دفتر بھی محفوظ نہیں ہے تو پھر کونسی جگہ محفوظ ہے؟فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کا شہباز سے مطالبہ ہے کہ ان کے داماد کی مشینری انڈیا سے آنے دیں، جواب آرہا ہے یہ سیاسی مسئلہ بن جائے گا جس پر تحریک انصاف تنقید کریگی،پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز عوام میں کہتی ہیں کہ تیل کی قیمت نہیں بڑھنی چاہیے جبکہ آڈیو میں کہہ رہی ہیں تیل کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں،

انہوں نے کہا کہ ساراگند انہوں نے مفتاح اسماعیل پرڈال دیا ہے جس نے ن کی بڑی خدمت کی، مفتاح اسماعیل کو بے عزت کیا جارہا ہے، اسحاق ڈارکو لانے کی کوشش کی جارہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی، مولانا فضل الرحمان3وکٹیں ہیں جن کو جلد ہی گرادیں گے، انتخابات کی تاریخ، سائفرکی تحقیقات کرائی جائیں تو اسمبلی میں واپس آجائیں گے،فواد چوہدری نے کہا کہ جلد اچھی خبریں ملنا شروع ہوجائیں گی ہم بہتری کی طرف جارہے ہیں، بغیر فساد کے انتخابات کی طرف بڑھ رہے ہیں جو ہمارا اصل ٹارگٹ ہے،انہوں نے کہا کہ جس وقت اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی ہورہی تھی تب حامد خان کہاں تھے؟ حامد خان لڑنا چاہتے ہیں تو ہراول دستے میں آئیں اور اپنی پوزیشن دیں،پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے بڑے مشکل ترین وقت دیکھے ہیں لیکن ہم کھڑے رہے ہیں، نئے نئے لوگ کامیابی دیکھ کرجس گھوڑے پرچڑھنا چاہتے ہیں چڑھ جائیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close