پرویز خٹک کی 3 دن میں حکومت گرنے کی پیش گوئی

لاہور  (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے 3 دن میں حکومت گرنے کی پیش گوئی۔نجی ٹی وی کے مطابق نوشہرہ کے علاقے جہانگیرہ ڈھیری میں سماجی شخصیت اور ان کے بیٹوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آنے والے تین دنوں میں دھڑام سے گرے گی۔

شہباز شریف کی حکومت خود مستعفیٰ ہوگی اور الیکشن کا بھی جلد اعلان ہوجائے گا، جس کے نتیجے میں عمران خان کو پھر سے اقتدار میں لانا عوام کی ضد ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری ملک سے مخلص نہیں ہیں، انہوں نے عوام کو لوٹا ہےاور مسلسل لوٹتے جارہے ہیں، اس لیے خیبر پختونخوا کی عوام نے تحریک انصاف کی حکومت لاکر تبدیلی کا اعلان کردیا اور تحریک انصاف کی مقبولیت کی واحد وجہ نوجوان ہیں۔دوسری جانب مشیر اطلاعات حکومت

پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے اپنے اقتدار میں بے رحمانہ منی لانڈرنگ کی ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ شریف خاندان کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ یہ اپنے کاروباری مفادات کو ریاستی مفادات پر ترجیح دیتے ہیں۔ عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ شریف خاندان ملکی سلامتی اور دفاع کیساتھ ہمیشہ سے کھلواڑ کرتا آیا ہے۔

سیاچن کا محاذ ،بمبئی حملوں، ڈان لیکس سمیت کئی مواقع پر ن لیگی رہنما دشمن کے ہمنوا بنے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیساتھ کاروباری مراسم رکھنے والے شریف خاندان کی حکومت ملکی سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہے، قوم دیکھ رہی ہے کہ شریف خاندان کیسے اقتدار کو لوٹ مار کیلئے استعمال کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے اپنے اقتدار میں بے رحمانہ منی لانڈرنگ کی اور ملک کو کنگال کردیا ، افسوس تو یہ ہے کہ ثابت شدہ کرپٹ لٹیرے گینگ کو پھر زبردستی ملک اور قوم پر مسلط کردیا گیا۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کے دن گنے جاچکے ہیں کیونکہ قوم دھکے دے کر انکو اقتدار سے بے دخل کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں