لاہور(پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا، مختلف محکموں، اضلاع اور پراجیکٹس میں 30 ہزار افراد بھرتی کیے جائیں گے، بھرتیوں کی منظوری کیلئے معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔ اے آروائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پنجاب میں مختلف محکموں، اضلاع اور پراجیکٹس میں 30 ہزار سے زائد بھرتیاں کی جائیں گی۔گریڈ ایک سے پانچ تک بھرتیوں کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو سمری بھیجی جائے گی۔ گریڈ پانچ سے اوپر کی پوسٹوں پر بھرتی کیلئے کی منظوری کیلئے معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے گا، پراجیکٹ پوسٹوں پر بھی بھرتیوں کیلئے عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پولیس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب سے کوئی افسر ہماری اجازت کے بغیرغیر قانونی طورپر واپس نہیں جائے گا۔آئینی اورقانونی طور پر پنجاب حکومت مفادعامہ کے تحت افسران کو روک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی اوآر میں افسروں کے لئے رہائشی سہولتوں میں اضافہ کریں گے۔جی او آر کے بڑے گھروں اورکوٹھیوں کا رقبہ کم کرکے اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ جی او آر میں کئی کوٹھیاں 8،8 کنال رقبے پر مشتمل ہیں۔ ان 8،8 کنال پر مشتمل گھروں کی جگہ جدید طرز پر اپارٹمنٹس کی تعمیر سے متعدد افسران کی رہائشی ضرورت پوری ہوسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 150پولیس پٹرولنگ پوسٹیں بنائیں گے۔
کچے کے علاقے میں سپیشل فورس کوتنخواہ کا خصوصی پیکیج دیں گے۔کچے کے علاقے میں بنکرقائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلٹ پروف گاڑیاں اورآرمڈ،بلٹ پروف جیکٹس اورٹریکر والی خصوصی گاڑیاں فراہم کریں گے۔ ہماری طرف سے پولیس کو سپورٹ اورٹھنڈی ہوا آئے گی،ٹھنڈی ہوا نیچے عوام تک جانی چاہیے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی عام آدمی کو تھانے میں فوری انصاف ملناچاہیے.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں