سیلاب متاثرین سے ملاقات کیلئے انجلینا جولی کس شہر پہنچ گئیں؟ سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا

دادو(پی این آئی)عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی پاکستان پہنچ گئیں۔انجلینا جولی نے دادو میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔انجلینا جولی نے سیلابی صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے کشتی کا استعمال بھی کیا۔

 

 

انجلینا جولی نے متاثرہ خواتین سے ان کی ضروریات اور مسائل پر بات کی۔انجلینا جولی اس سے قبل 2005 اور 2010 میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔اداکارہ نے 2010 میں آنے والے سیلاب کے موقع پر بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جب کہ 2005 میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد بھی متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستان پہنچی تھیں۔قبل ازیں وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویڑن) انجینئر خرم دستگیر خان نے بھی دادو کا دورہ کیا۔این ٹی ڈی سی، سیپکو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے انجینئر خرم دستگیر خان کو بریف کیا کہ فلڈ ریلیف کیمپ میں 100 ٹینٹ لگائے جا رہے ہیں جو 500 کے وی گرڈ سٹیشن دادو کی رہائشی کالونی کے احاطے میں قائم ہے۔

 

 

ریلیف کیمپ میں مقیم لوگوں کو خوراک، ادویات، پینے کا صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جارہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ حکومت بے گھر متاثرین کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے بچوں کی تعلیم کا انتظام جلد شروع کر دیا جائے گا۔سول انتظامیہ کی سفارشات کے مطابق خیمہ بستی کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویڑن) انجینئر خرم دستگیر خان نے 500 کے وی گرڈ سٹیشن دادو کو سیلاب سے بچانے کیلئے پشتوں، بندوں اور دیگر حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں انتھک کوششوں پر پاک فوج، سول انتظامیہ اور این ٹی ڈی سی کی کاوشوں کو سراہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close