عمران خان کی تیسری ٹیلی تھون، ایک مرتبہ پھر اربوں روپے اکٹھے کر لیے چیف الیکشن کمشنر یہ فنڈنگ دیکھ کر گھبرا جائے گا، عمران خان کی گفتگو

اسلام آباد ( آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے سیلاب متاثرین کے لئے تیسری ٹیلی تھون کرکے ایک مرتبہ پھر اربوں روپے اکٹھے کر لیے ، پی ٹی آئی رہنمائوں اور ورکروں سمیت دنیا بھر اور پاکستان سے بڑی تعداد میں لوگوں نے بڑے بڑے عطیات کا اعلان کیا ، رات 12 بجے سے قبل تقریباً ایک ارب بیس کروڑ روپے سے زائد رقم اکٹھی کر لی گئی ، جس حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہم ان عطیات کو سوچ سمجھ کر اور شفاف طریقے سے خرچ کرینگے ۔

اس حوالے سے ایک ایسا نظام بنایا جائے گا جس کے تحت فنڈز میں شفافیت یقینی بنائے جائے ، ہم اپنے دور حکومت میں کورونا وائرس کے دوران بھی فنڈز کی شفافیت کا نظام لائے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام چیپٹرز کے لوگ سیلاب متاثرین کے لئے مدد کر رہے ہیں ۔ میری جماعت میں ایسے لوگ آئیں جو عوام کی خدمت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ کے سیلاب متاثرین کو کپڑوں اور خیموں کی زیادہ ضرورت ہے ۔ جنوبی پنجاب میں لوگوں کے گھر بنانے کے لئے پیسے اکٹھے کر رہے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کئی ہماری فنڈنگ کو فارن فنڈنگ قرار نہ دے دیں ۔ چیف الیکشن کمشنر یہ فنڈنگ دیکھ کر گھبرا جائے گا۔ پی ٹی آئی کو لوکل اور فارن سے فنڈنگ مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دو قسم کی ہوتی ہے ایک عوام کی خدمت کی اور دوسری پیسہ بنانے کی ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے تحریک انصاف نے سب سے زیادہ شجر کاری کی اور بلین ٹری منصوبے کے تحت دس ارب پودے لگائے گئے ۔ اب بھی میں کہتا ہوں کہ سیلاب سے بچنے کے لئے ملک میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے ۔ نوشہرہ اس لئے بچا کہ اس کے گرد حفاظتی بند بنائے گئے تھے ۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیرون ملک کے دورے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بے حسی کی انتہا ہے کہ ملک پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور وزیر اعظم باہر ہیں اور بیرون ممالک کے دوروں کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔ ٹیلی تھون کے دوران ملک بھر اور بیرون ملک سے سینکڑوں مخیر حضرات نے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کا اعلان کیا جس دوران رات بارہ بجے سے قبل ایک ارب بیس کروڑ سے زائد کی رقم اکٹھی ہو گئی۔

اومان سے حمید نامی شخص نے ایک کروڑ روپے ، پی ٹی آئی نیویارک کے صدر نے دو کروڑ روپے ، گجرات سے چوہدری مدثر نے دس لاکھ روپے ، امریکہ نے ایک اوور سیز پاکستانی نے پچیس لاکھ روپے ، پی ٹی آئی برطانیہ کے صدر نے ایک لاکھ پائونڈز ، پی ٹی آئی جنوبی افریقہ کے صدر نے ڈیڑھ کروڑ روپے ، جنوبی افریقہ سے ریاض نامی شخص نے اکیس ہزار ڈالرز ، برطانیہ سے اوورسیز پاکستانی انیل نے دس کروڑ روپے ، کوئٹہ سے ایک شہری نے دس لاکھ جب کہ دوسری شہری نعمت اللہ نے پچاس لاکھ روپے ، پشاور سے شہری نے دس لاکھ ، برطانیہ سے رفعت نے ایک لاکھ پائونڈز ، سرگودھا سے ایک شہری نے پچاس لاکھ روپے ، ہالینڈ سے اوورسیز پاکستانی نے بیس لاکھ روپے ، راولپنڈی سے پی ٹی آئی کے ایم پی ا ے راشد نے پندرہ لاکھ ، اسلام آباد سے ایک شہری نے تین کروڑ روپے اور خاتون نے دس لاکھ روپے ، کراچی سے خالد نامی شخص نے پچیس لاکھ روپے کا سیلاب متاثرین کے لئے عطیات کا اعلان کیا جب کہ اس طرح کئی مخیر حضرات نے لاکھوں روپے کے اعلانات کیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close