پنجاب میں ممکنہ تحریک عدم اعتماد سے متعلق کیا فیصلہ ہوگا؟ لندن میں وزیراعظم اور نواز شریف کی بیٹھک

لندن (پی این آئی ) وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ون آن ون انتہائی اہم ملاقات ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے صاحبزادے سلیمان شہباز کے ہمراہ لندن میں حسن نواز کے دفتر پہنچے، مسلم لیگ ن کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور وزیراعظم کے بڑے بھائی نوازشریف نے ان کا استقبال کیا۔

 

 

بتایا گیا ہے کہ مسلم ليگ ن کا اہم اجلاس بھی آج لندن ميں ہو رہا ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں، قائد ن لیگ نواز شريف اس اہم اجلاس کی صدارت کريں گے، اجلاس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق داڑ بھی شریک ہوں گے، اس اہم اجلاس میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی اور صوبہ پنجاب میں ممکنہ تحریک عدم اعتماد پر بھی غور کیا جائے گا۔ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے نوازشریف سے نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کی تردید کردی، لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق گفتگو نہیں ہو گی، آرمی چیف کی تعیناتی پر نومبر میں مشاورت کا آغاز ہو گا، آرمی چیف کی تعیناتی پر وزارت دفاع ، جی ایچ کیو اور وزیراعظم مشاورت کرتے ہیں، اہم تعیناتی کو سیاسی ایشو نہیں بنانا چاہیے، نہیں چاہتے کوئی ایسا فیصلہ کریں جس سے ہماری مشکلات میں اضافہ ہو، آرمی چیف کی تعیناتی آئین اور قانون کے مطابق ہوگی، عمران خان پہلا سیاسی لیڈر اور پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جو ادارے سے مداخلت چاہتے ہیں۔

 

وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف میرے قائد اور پاکستان کا اثاثہ ہیں، اتنا بڑا اثاثہ مشکل سے ملتا ہے، نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے، اگر نواز شریف کو کل پاکستان آنا ہے تو میں چاہتا ہوں کہ وہ آج آجائیں لیکن نواز شریف کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور ہم چاہتے ہیں نواز شریف کے ساتھ جو زیادتی ہوئی اس کا ازالہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close