اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے دیہاتوں اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے ایک منصوبے کی منظوری دے دی۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ یہ منصوبہ نجی شعبے کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ ماحول دوست گرین فیول کی فراہمی سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہو گا۔
قبل ازیں پنجاب حکومت نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔پنجاب کے وزیر میاں اسلم اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی مرمت کے لیے ایک سے 2 لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں اور جن کی فصلیں تباہی ہوئیں ہیں ان کو بھی معاوضہ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائیٹ کی مدد سے سیلاب زدہ علاقوں کی تصاویر لی جا رہی ہیں۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)
چیئرمین عمران خان کو بلیک آؤٹ کرنے والے خود بلیک آؤٹ ہونے جا رہے ہیں۔ ملک میں استحکام کی ضروت ہے اور سیاسی استحکام کے لیے نئے الیکشن ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں اور اس لیے ان کو عطیات دیتے ہیں۔ وفاقی حکومت الزام لگاتی ہے کہ عمران خان سیلاب زدگان کا نہیں سوچتے لیکن جب عمران خان ٹیلی تھون کرتا ہے تو یہ لوگ مسائل پیدا کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب زدگان نیب زدگان پر اعتماد نہیں کرتے
اور عمران خان کو بلیک آوٹ کرنے والے سیاست سے فارغ ہونے والے ہیں۔ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے اور بجلی کی قیمتوں میں بے شمار اضافے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے نیب میں اپنے کیسز صاف کیے ہیں لیکن اب احتساب کا عمل دوبارہ ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں