ڈنڈا بردار سیلاب متاثرین نے وزیراعلی سندھ کو روک لیا

کراچی(آئی این پی)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے عمر کوٹ کے دورے کے موقع پر امداد سے محروم ڈنڈا بردار سیلاب متاثرین نے انہیں روک لیا،نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ عمر کوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرین کے ریلیف کیمپ اور ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا جہاں امداد سے محروم مشتعل ڈنڈا بردار سیلاب متاثرین اور خواتین نے وزیراعلی کو روک لیا اور ان کی گاڑی کا گھیراو کرلیا،

اس موقع پر متاثرین نے بتایا کہ ہم بھوکے بیٹھے ہیں کھانے کو کچھ نہیں ملا جب کہ ہم سے یہاں کی انتظامیہ کہہ رہی ہے کہ مراد علی شاہ آئیں تو بولنا کہ ہمیں سب مل رہا ہے،وزیراعلی سندھ نے متاثرین کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کھانے کے لیے بول دیا ہے آپ کو جلد ملے گا،بعد ازاں مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احساس ہے ان لوگوں کوبہت تکلیف ہے، چھوٹے کاشتکاروں کی 8 ماہ کی کمائی سیلاب کی نظر ہو گئی، انہیں گندم کی کاشت میں سپورٹ کرینگے،

ہماری کوشش ہے کہ 75 فیصد پانی اکتوبر سے قبل ختم کردیا جائے اور متاثرین کوجلد از جلد ان کے گھروں پر واپس بھیجا جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں