اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر 5 سال سے غیرقانونی طور پر قید برمی منشیات اسمگلر وطن روانہ

اسلام آباد(آئی این پی ) سزا پوری ہونے کے باوجود پانچ سال سے پاکستان میں قید برمی منشیات اسمگلر ابراہیم کوکو باالآخر اپنے ملک واپس بھیج دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق برمی منشیات اسمگلر ابراہیم کوکو کو بعد بالآخر اپنے ملک واپس بھیج دیا گیا، برمی منشیات سمگلر پاکستان میں سزا مکمل ہونے کے باوجود پانچ سال سے قید تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ برمی شہری کی وطن واپسی سے متعلق اقدام کی عمل درآمد رپورٹ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروادی۔رپورٹ میں وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ابراھیم کوکو کی وزارت خارجہ کے ذریعے برمی شہریت کی تصدیق کی گئی، شہریت کی تصدیق ہونے پر ابراھیم کوکو کو اس کے ملک روانہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں برمی سفارت خانے نے ابراہیم کوکو کے سفری دستاویزات کا بندوبست کیا، جس کے بعد ابراہیم کوکو کو دس اگست کو اسلام آباد سے میانمار ڈی پورٹ کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابراھیم کوکو کی اپنے ملک روانگی کے بعد درخواست نمٹا دی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی جس میں وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل میاں فیصل ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں