لاہور(پی این آئی)لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کے لیے درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ درخواست میں اٹھائے گئے نکات غور طلب ہیں، اس لیے فریقین کو نوٹس جاری کیے جاتے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 14 ستمبر کی سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔تحریری حکم میں کہا گیا ہےکہ چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو 7 کروڑ روپے اور پاسپورٹ جمع کروانے کی شرط کے ساتھ ضمانت دی گئی تھی، مریم نواز نے ضمانت کے فیصلے میں عائد پاسپورٹ جمع کروانے کی شرط کو ختم کرنےکی استدعا کی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق سپریم کورٹ کا 2017 کا فیصلہ پیش کیا، تین رکنی بینچ نے مریم نواز کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئےکہا کہ پاسپورٹ واپسی کی درخواست میں اٹھائےگئے نکات غور طلب ہیں، اس لیے عدالت مخالف فریق کا مؤقف جاننےکے لیے نوٹس جاری کر رہی ہے۔ فیصلے میں تحریر کیا گیا کہ حکومتی لاء افسروں نے مخالف فریقین کی جانب سے نوٹسز قبول کیے، کیس کی مزید سماعت 27 ستمبر کو ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں