سمر قند (پی این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف کی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ سائڈ لائن ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے سمر قند میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم جمعرات کو ازبکستان پہنچے تھے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 22 ویں اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
دو روزہ دورے کے پہلے دن شہباز شریف نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر پیوٹن نے کہا کہ پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی سپلائی ممکن ہے اور اس سلسلے میں ضروری انفراسٹرکچر پہلے سے ہی موجود ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے روس کے ساتھ قریبی تعلقات کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے افغانستان میں روس کے تعمیری کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان عالمی اور علاقائی کوششوں کا خیر مقدم کرے گا۔بعد ازاں شہباز شریف نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات مثبت پیشرفت لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں