پیمرا نے 2ٹی وی چینلز کی نشریات تین دن کیلئے معطل کر دیں

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان کے دو نجی نیوز چینلز آے آر وائی اور بول نیوز کی نشریات تین دن کے لیے معطل کر دیں۔پیمرا کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں چینلز بغیر کسی موثر تاخیری نطام کے نشریات جاری رکھیے ہوئے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے اس سلسلے میں 5 ستمبر 2022 کو احکامات جاری کیے تھے جن کا مقصد اعلی عدلیہ کے فیصلوں اور پیمرا قوانین پر عمل درآمد کرانا تھا۔’ان احکامات کے تحت تمام چینلز کو ہدایات جاری کی گئیں تھیں کہ موثر تاخیری نظام اور ایڈیٹوریل بورڈ کے حوالے سے کی گئی پیشرفت/اقدامات پر اتھارٹی کو آگاہ کیا جائے۔اتھارٹی ان اقدامات کی تصدیق کے بعد براہ راست یا تاخیر سے نشر کرنے سے متعلق احکامت صادر کرے گی۔ لہذا اس دوران کسی بھی چینل کو براہ راست عوامی تقریبات کی کوریج کی اجازت نہیں ہوگی۔‘یاد رہے کہ دونوں چینلز مسلسل پیمرا قوانین اور احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور مذکورہ خلاف ورزی پر چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان چینلز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز کو ذاتی شنوائی کے لیے بلوایا گیا تاہم وہ اتھارٹی کے سامنے پیش ہونے سے قاصر رہے اور محص اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا۔

تحریری جواب کو مدنظر رکھتے ہوئے اور معاملے کی سنگینی کے پیش نظر اتھارٹی نے دونوں چینلز بول اور اے آر وائی کی نشریات تین دن کے لیے معطل کر دیں اور اس سلسلے میں تمام کیبل آپریٹرز کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں