ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا چھاپہ، ذخیرہ کی گئی لاکھوں پیناڈول کی گولیاں برآمد

کراچی (آئی ا ین پی ) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی میں پیناڈول کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریبا 2 لاکھ 52 ہزار کی ادویات برآمد کرلیں۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ)کی ٹیم نے کراچی کی کچی گلی میڈیسن مارکیٹ میں الطاف ٹریڈرز پر چھاپہ مارا جس دوران تقریبا 2 لاکھ 52 ہزار پیناڈول کی ادویات پکڑی گئیں۔ ترجمان کے مطابق وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر ملک گیر کریک ڈان جاری ہے،

جعلی اور غیر رجسٹرڈ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے مارکیٹ میں سے اسی دوائی کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی تھی، فارمیسی سے بہت غیر وارنٹی شدہ اسٹاک برآمد ہوا جوکہ مشکوک ہوسکتا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈریپ کی ٹیم نے اسٹاک کو قبضے میں لے لیا ہے، اس ضمن میں ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی لے لیے گئے اور ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ملک بھر سے جعلی ان رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات بیچنے والے کیخلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت کاروائی کی جارہی ہے، حکومت کی منظور شدہ قیمت سے زائد بیچنے والوں کے خلاف قانون کارروائی کی جائے گی،

جو عناصر غیر قانونی کاموں میں ملوث پائے گئے ان کیخلاف اپنے ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ عوام سے ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے ان سے زیادتی نہیں برداشت کی جائے گی، صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جارہی ہیں، صحت کے شعبے کی کارکردگی کو بہتر اور یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ پاکستان میں بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والی اوور دی کانٹر (OTC) دوائی پیراسیٹامول کی شدید قلت نے ملک میں ڈینگی اور کووِڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے دوائی کی طلب کو متاثر کیا ہے۔ پاکستان میں پیراسیٹامول گلیکسو اسمتھ کلائن نامی کمپنی تیار کرتی ہے اور اسے پیناڈول کے نام سے فروخت کیا جاتا ہے۔

حالیہ ہفتوں میں ڈینگی اور کووِڈ 19 (کورونا وائرس) کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے دوائی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، اس کے علاوہ تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں بیماریوں کے پھیلنے سے بھی پیناڈول کی مانگ خاصی بڑھ گئی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں پیناڈول کی قلت ہے اور مریض دوائی کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہ دوا درد کو دور کرنے اور بخار کو کنٹرول کرنے کے لیے تجویز کی جاتی ہے جس میں ڈینگی بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ پیناڈول ملک میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی دوائیوں میں سے ہے اور اس کی مانگ بہت زیادہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close