اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے نو اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات 9 کی بجائے 16 اکتوبر کو ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کوبتایا گیاکہ حلقہ این اے 157ملتان ، پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاولنگر کی پولنگ کے لئے الیکشن کمیشن نے بذریعہ نوٹیفکیشن 9اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی ۔ اس دن عید میلا النبی ﷺ متوقع ہے ۔ الیکشن کمیشن کو یہ بھی بتایا گیا کہ لاہورہائیکورٹ ملتان بنچ نے بھی این اے 157 ملتان کے کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن متوقع عید میلا النبی ﷺ کی وجہ سے تاریخ میں تبدیلی کرے ۔الیکشن کمیشن نے عید میلا النبی ﷺ کی متوقع تاریخ اور ووٹروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ مذکورہ بالا حلقوں میں پولنگ 16 اکتوبر بروز اتوار ہوگی تاکہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی باآسانی استعمال کر سکیں ۔اسی طرح الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کے حکام سے میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے دیگر آٹھ حلقوں میں بھی 16 اکتوبر کو پولنگ کروائی جائے گی۔ ان حلقوں میں این اے 22 مردان، این اے 24چارسدہ ، این اے 31 پشاور ، این اے 45 کرم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ این اے 108فیصل آباد، این اے 118ننکانہ صاحب ، این اے 237 ملیر اور این اے 239کورنگی کراچی میں بھی 16 اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے انعقاد پر بھی غور کیااور فیصلہ کیاکہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں پولنگ 23اکتوبر 2022 کو ہوگی جبکہ حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع سے متعلق رپورٹ صوبائی حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنر سندھ سے منگوائی جار ہی ہے تاکہ سیلاب کی صورتحال اور الیکشن کے انعقاد سے متعلق غور کیا جائے اور جتنا جلد ممکن ہوسکے حیدر آباد میں بھی پولنگ کی تاریخ مقرر کی جائے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں