لاہور (پی این آئی)مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری شافع حسین نے پنجاب کی سیاست میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔شافع حسین آئندہ عام انتخابات میں پنجاب سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑیں گے۔چوہدری شافع حسین کے حلقت کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔چوہدری شافع حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری سالک اس وقت وفاقی وزیر ہیں۔
اس سے قبل چوہدری شافع والد اور بھائی کی انتخابی مہم میں فعال رہ چکے ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی نے وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔ چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ چوہدری پرویزالہٰی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، جبکہ وزیراعلٰی پنجاب پرویزالٰہی ہمارے لیڈر ہیں۔وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا مسلم لیگ ق متحد ہے اور متحد رہے گی۔پنجاب کے عوام کی خدمت کے سفر کو مل کر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے،افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ادھر پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے گلے شکوے شروع کر دئیے ہیں۔ وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ پنجاب کو نظر انداز کرکے دیگر صوبوں کو گندم کی فراہمی پروفاقی حکومت کواحتجاجی مراسلہ بھیجا جائے گا۔صوبے میں 10 لاکھ ٹن گندم کی قلت کا سامنا ہے۔
وفاقی حکومت نے پنجاب کی درخواست کے باوجود گندم فراہم نہیں کی۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے وفاق کے روئیے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بارشوں اور سیلاب سے کئی لاکھ ٹن گندم ضائع ہوئی۔ وفاقی حکومت گندم فراہم نہ کرنے کے حوالے سے پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں