پاک فوج نے بروقت کارروائی کرکے متعدد افراد کی جان بچالی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)پاک فوج نے بروقت اقدامات سے متعدد افراد کی جان بچا کر انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔نجی ٹی وی سماء کے مطابق پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کراچی ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سندھ کے علاقے بوبک میں کشتی الٹنے سے بزرگ، خواتین اور بچے پھنس گئے تھے۔واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پاک فوج کے سیل پر دی گئی، جس کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے بروقت ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

پاک فوج کے بروقت اقدامات سے متعدد افراد کی جان بچالی گئی۔ کشتی میں پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کیے جانے کے بعد باحفاظت گاؤں منتقل کردیا گیا ہے۔قبل ازیں بحرین پل کو پشاور کور آرمی انجینئرز نے دن رات کام کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث بحرین کو دوسرے علاقوں سے ملانے والا پل ٹوٹ گیا تھا جسے پاک فوج پشاور کور کے انجنیئرز نے دن رات محنت کرکے بحال کردیا۔

اس موقع پر مقامی لوگوں کی خوشی دیدنی تھی، عوام نے پاکستان آرمی زندہ باد کے نعرے لگائے۔پاک فوج کے سپہ سلار نے جو وعدہ کیا کر کے دکھایا ہے۔ یاد رہے کہ بحرین برج کی بندش سے مقامی آبادی کا رابطہ باقی علاقوں بلخصوص مینگورہ اور خوازہ خیلہ سے کٹ گیا تھا،بحرین ٹائون خود بھی دو حصوں میں تقسیم ہو گیا تیس اگست کو آرمی چیف نے سوات کے دورے کے دوران کہا تھا کہ چھ یا سات دن میں روڈ کو بحال کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان غیر معمولی صورتحال میں ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ ہے۔نیشنل فلڈ رسپانس سینٹر میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افواج پاکستان کا ہر سپاہی سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہا ہے اور افواج پاکستان سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ خراب موسم اور دیگر چیلنجز کے باوجود پاک فوج کے جوانوں نے لوگوں کو ریسکیو کیا، ملک بھر میں آرمی، نیوی اور فضائیہ کے ریلیف کیمپس قائم ہیں جہاں 50 ہزار سے زائد افراد کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افواج پاکستان غیر معمولی صورتحال میں ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ ہے، ہم اس ناگہانی آفت سے باہر نکل آئیں گے۔انہوںنے کہاکہ جوانوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر امدادی کاموں میں حصہ لیا، سیلاب متاثرین کی مدد کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، 6 افسران شہید ہوئے، شہدائے پاکستان ہمارا اثاثہ ہیں، شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے، آرمی چیف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور امدادی کارروائیاں کا جائزہ لیا۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسلح افواج کے جوان ڈیوٹی کو مقدس فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close