تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلیوں سے بھی مستعفی ہونے کا اشارہ دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) عمران خان کا صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام میں سینئر صحافی کامران خان کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہمارے پاس اپنی تمام حکومتوں سے استعفے دینے کا آپشن موجود ہے، اگر یہ فری اینڈ فیئرالیکشن کرانے کے لیے تیار ہیں تو بات چیت کے لیے تیار ہوں۔

سندھ میں سیلاب ہے وہاں کا الیکشن میں دوماہ تک تاخیر ہو سکتی ہے، سب کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہوں لیکن پہلے الیکشن کی بات ہو گی، الیکشن کا نام سن کر ان کو سانپ سونگھ جاتا ہے، ان سے بات کیا کروں ؟۔عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود یہ پنجاب کا ضمنی الیکشن ہار گئے، سوات میں بھی ساری پارٹیاں بری طرح الیکشن ہار گئیں، ان کو خوف ہے جب بھی الیکشن ہو گا انہوں نے ہار جانا ہے، مہنگائی بڑھنے سے ان کیخلاف نفرتیں بڑھتی جارہی ہے، ہمارے پاس 2، 3 آئیڈیاز ہیں، آئین کے اندر رہ کر ان پر پریشر ڈالیں گے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میرے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کیسز کیے جا رہے ہیں، ایک طرف کہتے ہیں سارے مل کر کام کریں، دوسری طرف ہمیں دیوار سے لگا رہے ہیں، جب چاہوں قوم کو سڑکوں پرنکال سکتا ہوں، میری دو گھنٹے کی کال پر سڑکوں پر لوگ آجاتے ہیں، عام آدمی کا بُرا حال ہے اب لوگوں کو نکالنا کوئی مشکل کام نہیں، خود فیصلہ کیا ہے ملک مشکل حالات میں ہے۔

پرامن احتجاج کر کے گھر چلے جاتے ہیں، لاوا توپکا ہوا ہے، ایک کام بھی آئین و قانون کے خلاف نہیں کیا، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہی احتجاج کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمیشنر کا نام تسلیم کر کے بہت بڑی غلطی کی، اسٹیبلشمنٹ نے گارنٹی دی تھی کہ یہ بندا ٹھیک ہے، لیکن چیف الیکشن کمشنر ہمارے خلاف کوئی موقع نہیں چھوڑتا۔ چئیرمین تحریک انصاف نے الزام عائد کیا کہ دھندلی سے راولپنڈی، مظفر گڑھ کی سیٹ ہمیں ہرا دی گئیں، ای وی ایم مشین کو چیف الیکشن کمشنر نے سبوتاژ کیا، چیف الیکشن کمشنر نے ووٹنگ مشین کی کھل کرمخالفت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں اگر شفاف الیکشن کرانا ہے تو ووٹنگ مشین سے کرانے ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close