اسلام آباد(آئی این پی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی کلیجہ پھٹنے والا ہے اور جلد سیاسی نیاز بھی بٹے گی،بڑے بڑے شرفا ء کی چیخیں نکل چکی ہیں، وہ ادارہ جسکو پاکستان کی سب سے زیادہ فکر ہے،عوامی ردعمل سے پہلے کچھ کریگا، عام انتخابات اسی سال ہونگے،مقتدر حلقوں میں ورکنگ شروع ہوچکی ہے۔
پیر کو سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جانب سے سیلاب زدگان کے لیے کیے گئے ٹیلی تھون کو روکوانے والے عقل کے اندھے، ذہنی پستی کے شکار اورجاہل لوگ ہیں، انکی عقل گھاس چرنے گئی ہے، پہلے کہا جاتا تھا کہ عمران خان سیاست کر رہا ہے اب تو وہ سیلاب زدگان والوں کے لیے مدد کر رہا ہے اس پر میڈیا چینلز کو بند کرنا اور دھمکیاں دینا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو اس طرف لیکر جارہے جارہے ہیں جہاں کسی کی بات پر کوئی یقین نہیں کریگا، صرف بد امنی ہر طرف منہ کھولے ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹوٹ چکی ہے اور اب صرف بہانے کی حکومت چلا رہے ہیں، نواز شریف سے ملاقاتیں بھی اس لیے ہو رہی ہیں۔ اب ملک کیا ہونا ہے اسکے فیصلے آسمان پر ہونے ہیں لیکن ملکی حالات خراب ہوچکے ہیں، بڑے بڑے شرفا کی چیخیں نکل چکی ہیں اور ملک میں سیاسی کلیجہ پھٹنے والا ہے اور جلد سیاسی نیاز بھی بٹے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوامی ردعمل سامنے آگیا تو کچھ نہیں بچے گا، وہ ادارہ جسکو پاکستان کی سب سے زیادہ فکر ہے وہ عوامی ردعمل سے پہلے کچھ کریگا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عام انتخابات اسی سال ہونگے اور اس کے لیے مقتدر حلقوں میں ورکنگ شروع ہوچکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں