پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے ملکی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں ملکی معیشت کو سنگین صورتحال کا سامنا ہوگا، آئی ایم ایف محض 2 ارب ڈالرقرض ملا جبکہ پاکستان کو 30 ارب ڈالر قرض واپس کر نا ہے،سیاسی عدم استحکام سے بانڈ مارکیٹ بھی مکمل تباہ ہوچکی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔

 

 

اجلاس میں اسد عمر، شبلی فراز، فواد چودھری ودیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی، سیکرٹری جنرل اسد عمر نے پاکستان پر قرضوں سے متعلق بریفنگ دی۔ پاکستان کو لگ بھگ 30 ارب ڈالر کے قرض واپس کر نے ہیں،جبکہ آئی ایم ایف سے ملنے والا قرض محض 2 ارب ڈالر ہے، سیاسی عدم استحکام سے پاکستان کی بانڈ مارکیٹ مکمل تباہ ہوچکی ہے، جب تحریک انصاف کی حکومت ختم کی گئی تو بانڈ 4 فیصد ڈسکاؤنٹ ریٹ پر تھا،یہ بانڈ اب 50 فیصد ڈسکاؤنٹ ریٹ پر مل رہا ہے، یہ کیفیت ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان دیوالیہ پن کی دہلیز پر کس قدر آگے جاچکا ہے۔انہوں نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں ملکی معیشت کو سنگین صورتحال کا سامنا ہوگا۔ اجلاس میں سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے کرنسی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ عمران خان نے قائدین کو معاشی بحالی کی حکمت عملی بلاتاخیر تیار کرنے کی ہدایت کی۔ شوکت ترین کو ملکی معیشت پر باضابطہ فوکل گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوکل گروپ معیشت سے جڑے 16 موضوعات پر متبادل حکمت عملی تیار کرے گا۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک شدید بحران کے نرغے میں ہیں۔

 

 

ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔تحریک انصاف فوری طور پر متبادل معاشی منصوبہ عمل تیار کرے۔ لازم ہے مضبوط معیشت کے لیے اپنی تجاویز قوم کے سامنے رکھیں۔ سیلاب متاثرین کے لیے منعقد ٹیلی تھون کا بلیک آؤٹ شرمناک ہے۔ تحریک انصاف میڈیا سینر شپ کا معاملہ بھی ہر سطح پر اٹھائے گی۔اجلاس میں میڈیا کی زبان بندی،صحافیوں کے خلاف کارروائیوں کا معاملہ بھی ہر فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close