پاکستان کو بچانا ہے تو عمران کو ٹھکانے لگانا ہے، پی ڈی ایم رہنما کا اعلان

چارشدہ(پی این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ جب تک گند کو ٹھکانے نہ لگا لیں ہمارا مشن جاری رہے گا۔ آج بھی واضح کرتا ہوں کہ پاکستان کو بچانا ہے تو عمران کو ٹھکانے لگانا ہے۔

 

ایم پی اے اور سابق صوبائی وزیر قانون سلطان محمدخان کی خاندان اور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کو ملتوی کرکے عوام کو نمائندگی سے محروم رکھنے کی سازش ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے ہوتے ہوئے بھی چارسدہ اور دیگر حلقوں کے عوام اسمبلی میں نمائندگی سے محروم رہے ہیں۔اسمبلی میں اپنے منتخب نمائندے بھیجنا عوام کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ہمارے اتحادی جماعتوں سمیت جماعت اسلامی بھی مقررہ وقت پر انتخابات کے انعقاد کے حق میں ہیں، جب ساری جماعتیں تیار ہیں تو الیکشن کمیشن اعلان کردہ وقت پر الیکشن سے کیوں کترا رہی ہے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پختونخوا میں الیکشن کے انعقاد کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔فوج اور رینجرز سمیت غیر متعلقہ اداروں کو الیکشن کے عمل سے نہ جوڑ جائے۔

 

صوبے میں امان و امان کی صورتحال قابو میں رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔حالیہ سیلاب سے نقصانات ہوئے ہیں لیکن پختونخوا کے جن حلقوں میں انتخابات ہونے ہیں وہاں اتنی بڑی تعداد میں نقل مکانی نہیں ہوئی ہے کہ الیکشنزموخر کئے جائیں۔ سیلاب کو بہانہ بنا کر عوام کے ساتھ ناانصافی نہ کی جائے۔انہوں نے مزیدکہا کہ انتخابات کی تاریخ کو مؤخر کرنا ایک غیر آئینی عمل ہے۔عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابات کو موخر کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی نے اس سلسلے میں پشاور ہائی کورٹ میں بھی رٹ جمع کرادی ہے۔مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کو کالعدم قراردیا جائے اورالیکشن کمیشن کو جاری شیڈول کے مطابق 25ستمبر کو پولنگ کا حکم جاری کیا جائے۔کالا باغ ڈیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر مسئلے سے چھٹکارے کیلئے کالا باغ ڈیم کے ایشو کو بیچ میں لایا جاتا ہے۔کالاباغ ڈیم ایک خواب ہے اور خواب رہے گا۔

 

جو لوگ آج بھی کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا سوچ رہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں۔جب تک باچا خان کا ایک سپاہی بھی زندہ ہے کالا باغ ڈیم کسی کا باپ بھی نہیں بنا سکتا۔انہوں نے اس موقع پر سلطان محمد خان اور انکے خاندان کو اے این پی میں تجدید عہد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ اتحاد و اتفاق ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے اور سابق صوبائی وزیر قانون سلطان محمدخان نے کہا کہ مشکور ہیں کہ عوامی نیشنل پارٹی کے مشران نے پختون روایات کے مطابق ہمارے خاندان پر جرگہ کیا۔خاندان اور ساتھیوں کی مشاورت سے ہم نے جرگہ خوشدلی سے قبول کیا اور اے این پی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔باچا خان اور ولی خان سے لیکر اسفندیار ولی خان تک اے این پی نے جو جدوجہد کی ہے، ایمل ولی خان اس کا تسلسل ہے۔ہمارے خاندان کی سیاسی تاریخ ولی باغ سے جڑی ہوئی ہے،ہم نے اے این پی میں شمولیت نہیں بلکہ تجدید عہد کی ہے۔انہوں نے مز?د کہا کہ این اے 24 ضمنی انتخاب میں ایمل ولی خان کی بھرپور حمایت کریں گے۔چارسدہ کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ باہر کے لوگوں کو خود پر مسلط نہیں ہونے دینا ہے۔ این اے 24ضمنی انتخاب میں عوامی نیشنل پارٹی کی جیت پختونوں کی جیت ہوگی۔

 

ضمنی انتخاب میں ایمل ولی خان کو اتنے بڑے مارجن سے کامیاب کریں گے کہ دوبارہ کوئی باہر سے آکر یہاں الیکشن میں حصہ لینے کا سوچ بھی نہیں کرسکے گا۔سلطان محمد خان کا مز?د کہنا تھا کہ ذاتی انا کیلئے عمران خان قومی خزانے کو نقصان پہچانے پر تلا ہوا ہے۔ جو شخص پہلے سے ہی رکن قومی اسمبلی ہے وہ 9 سیٹوں سے انتخابات میں کیوں حصہ لے رہا ہے۔ عمران خان پسند ناپسند کی بناء پر اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، کرسی کیلئے ایک شخص پورے ملک کو داؤ پر لگا رہا ہے۔اس موقع پر ضلعی صدر شکیل بشیر خان عمرزئی، جنرل سیکرٹری فاروق خان، تحصیل صدر تیمور خٹک اور دیگر ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں