پی ٹی آئی رہنما کی پارٹی رکنیت اچانک معطل کر دی گئی، وجہ کیا بنی؟

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی بنیادی رکنیت معطل کرکے ان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پارٹی کی جانب سے عبدالشکور شاد کو شو کاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے سات روز کے اندر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

 

عمران اسماعیل نےبتایا کہ شکور شاد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرکے اپنے استعفیٰ کے حوالے سے درخواست جمع کرائی۔ان کے مطابق شکور شاد کی درخواست پر عدالت نے ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی اور انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کی بھی اجازت دی۔عمران اسماعیل نے کہا کہ شکور شاد کا یہ عمل پارٹی پالیسی کے خلاف ہے۔ ’لیاری کے حلقے این اے 246 سے عمران خان کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں، سندھ حکومت نے راہ فراری اختیار کرتے ہوئے ضمنی انتخاب ملتوی کروا دیے، پی ٹی آئی کی تیاری مکمل ہے۔عمران اسماعیل کے مطابق ایسی صورت حال میں شکور شاد کا عدالت سے رجوع کرنا نامناسب عمل ہے۔ان کے مطابق پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہےکہ شکور شاد کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں این اے 246 کے کورننگ کینڈیڈیٹ سے بھی ہٹایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ کہ شکور شاد کو اس ضمن میں شو کاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ 7 روز میں جواب جمع کروائیں کہ ان کی پارٹی رکنیت کیوں نہ ختم کی جائے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کو پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کی درخواست پر این اے 246 لیاری کو خالی قرار دینے کا الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔

 

 

ای سی پی نے قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے 11 ایم این ایز کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد یہ نشست خالی قرار دے دی تھی۔تاہم شکور شاد نے بعد ازاں عدالت سے رجوع کیا اور استدعا کی کہ انہوں نے استعفیٰ ذاتی طور پر جمع نہیں کروایا تھا بلکہ یہ پارٹی کی جانب سے ارسال کیا گیا تھا جس کو انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے پیش کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close