اسے کہتے ہیں ریلیف، وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور(پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں احساس پروگرام کادائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت فی خاندان ماہانہ سبسڈی میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق خاندان آٹا،گھی اور دالیں مارکیٹ سے 40فیصد سستی خرید سکیں گے۔

 

 

وزیراعلیٰ نے احساس راشن رعایت پروگرام کااجراء جلد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام چلنے والے فلاحی اداروں میں رہائش پذیر بچوں، بچیوں اور بزرگوں کیلئے کھانے کی فی کس رقم دگنا کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور کھانے کے معیار و مقدار کو بہتر بنانے کیلئے فلاحی اداروں میں رہائش پذیر افراد کیلئے کھانے کی فی کس رقم میں اضافہ کیا ہے اورکھانے کی فی کس رقم میں اضافے سے ایسے افراد کو معیاری اور وافر کھانا مل سکے گا۔انہوں نے کہاکہ احساس بل پنجاب اسمبلی میں جلد پیش کیاجائے گا۔ملاقات میں جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے فلاحی منصوبے متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب میں خواتین کیلئے ویلفیئر پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے۔ Stunting سے بچاؤ کیلئے حاملہ خواتین کو وظائف دئیے جائیں گے۔

 

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سپیشل سرکاری ملازمین کے لئے نئی ہاؤسنگ پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سپیشل سرکاری ملازمین کیلئے ہاؤسنگ الاٹمنٹ پالیسی کے تحت5فیصد ہارڈ شپ کوٹہ مختص کیاجائے گا جبکہ سپیشل افراد کیلئے پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں بھی کوٹہ متعارف کرایا جائے گا۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سپیشل افراد کو سبسڈی دینے کیلئے 50کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پنجاب احساس پروگرام کے تحت مختلف ویلفیئر پراجیکٹس پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے احسن اقدام کرتے ہوئے دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیاہے۔وزیراعلیٰ نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے میڈیکل ریلیف مشن کو پنجاب سے روانہ کردیاہے۔ پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب مخدوم طارق محمود الحسن نے ملاقات کی۔

 

 

وزیراعلیٰ نے مخدوم طارق محمودالحسن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ عمران خان کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا لیکن افسوس کہ موجودہ وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں ووٹ کا حق چھین لیا اور ووٹ کا حق واپس لے کر سمندر پار پاکستانیوں کو ان کے جائز حق سے محروم کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close