لاہور(پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب نے معذور ملازمین کا کنوینس الاؤنس 2 ہزار سے بڑھا کر6 ہزار روپے کردیا، نابینا، گونگے وبہرے ملازمین کی پوسٹوں کی اپ گریڈیشن اور 664 معذور ڈیلی ویجز ملازمین کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔
3گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں نابینا،گونگے وبہرے اور دیگرمعذوری میں مبتلا ملازمین کے لئے کنوینس الاؤنس بڑھانے کا اعلان کیا گیا۔اجلاس میں معذور سرکاری ملازمین کیلئے کنوینس الاؤنس2ہزار روپے سے بڑھا کر 6ہزار روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔معذورملازمین سمیت میوزک ٹیچرز اور بریل ٹیچرز کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 664 معذورڈیلی ویجز ملازمین کی مدت ملازمت میں 3ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے معذور ڈیلی ویجز ملازمین کے مسئلے کو مستقل طورپر حل کرنے کے لئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں پالیسی کی تیاری کے لئے صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کمیٹی اگلے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے اور سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن اپنے اداروں کے وزٹ کر کے رپورٹ پیش کریں اورمعذور ملازمین کو اپنے آبائی علاقوں کے قریب اداروں میں پوسٹنگ دی جائے۔اجلاس میں ریسکیو 1122 کے عملے کے لئے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور رسک الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے کاموں میں ریسکیو 1122 کے عملے کوزبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاگیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اور اجلاس کے شرکاء نے ریسکیو 1122کی کارکردگی کو سراہا اور عملے کی خدمات کی تعریف کی۔اجلاس میں سیلاب متاثرین کیلئے خصوصی امدادی پیکیج کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی ا مداد کی رقم 8لاکھ روپے سے بڑھاکر 10لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ پکا گھر گرنے کے نقصان کے ازالے کیلئے مالی امداد ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 4لاکھ روپے کرنے جبکہ کچا گھر گرنے کے نقصان کے ازالے کے لئے مالی امداد 40ہزار روپے سے بڑھا کر 2لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ بڑے جانور کے نقصان کی صورت میں متاثرہ خاندان کو 75ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم سے متاثرین سیلاب کی آبادکاری کریں گے۔
اجلاس میں وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز او رپیرا میڈیکل سٹاف کے لئے رہائش گاہیں بنانے کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی اورمیانوالی میں 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ونرسنگ کالج کو فنکشنل کرنے کیلئے انڈس ہسپتال کے ساتھ معاہدہ کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں جانوروں میں لمپی سکن کی بیماری کی روک تھام کیلئے ویکسین خریدنے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈکے اجراء اورصوبے کی سڑکوں کی دیکھ بھال او رمرمت کے لئے 9ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی ترجیحی بنیادوں پر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام شروع کیاجائے۔ اجلاس میں صوبے میں ماحول دوست بسیں چلانے کے لئے 3ارب 40 کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراء اورسکندریہ کالونی سوڈیوال لاہور میں گورنمنٹ گریجوایٹ کالج فار گرلز کے قیام کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی جبکہمحکمہ زراعت کے واٹر مینجمنٹ ونگ کی ری سٹرکچرنگ کی بھی منظوری دی گئی۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر خزانہ سردار محسن لغاری، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سروسز، مختلف محکموں کے سیکرٹریز او راعلیٰ حکام نے ا جلاس میں شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں