بجلی کے بلوں میں فیول چارجز ختم نہیں ہوئے بلکہ بعد میں وصول کیے جائیں گے، وزیر خزانہ نے بُری خبر سنا دی

اسلام آباد(پی این آئی) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستانیوں کی بجلی کے بلوں میں شامل اضافی فیول چارجز ختم ہونے کی خوش فہمی دور کر دی۔مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں شامل اضافی فیول چارجز ختم نہیں، مو¿خر کیے گئے ہیں جو بعد میں وصول کیے جائیں گے۔ البتہ اس موقع پر انہوں نے ایک خوشخبری یہ سنائی کہ ایک مہینے کے بعد مہنگائی اور بجلی کی قیمت میں کمی آنی شروع ہو جائے گی۔

 

 

مفتاح اسماعیل نے وزیردفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ”بجلی کی قیمت میں اکتوبر کے مہینے میں کمی آئے گی۔ اسی طرح ایف سی ایز اور سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹس بھی کم ہوں گی۔ عوام کو یہ مشکل مزید صرف ایک ماہ تک برداشت کرنی پڑے گی۔“ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں کے بارے میں وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں سے مشروط ہیں اور اسی لحاظ سے ان میں کمی یا بیشی ہو گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ 200سے 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں شامل اضافی فیول چارجز منہا کیے جائیں گے، جس پر شہریوں کی طرف سے خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ چارجز انہیں معاف کر دیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں