عمران خان کے 9حلقوں میں الیکشن لڑنے پر سوال کھڑا ہو گیا

اسلام آباد(پی این آئی)پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے ہدایت کی ہے کہ جو لوگ ذہنی طور پر فٹ نہیں ہیں انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے اور فوج کے خلاف نازیباالفاظ استعمال کرنے والوں کونوٹس جاری کیا جائے۔

پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا جس میں الیکشن کمیشن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت بین المذاہب کے آڈٹ اعتراضات کے جائزے کے دوران چیئرمین نے ہدایت کی کہ کسی افسر کو بھی تین سال سے زیادہ کسی عہدے پر نہ رہے، جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن 4 سال سے وزارت میں بیٹھے ہیں انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ کمیٹی چیئرمین نے ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن نادہندگان کو نوٹس جاری کر کے ان نوٹسز کی کاپی فراہم کرے اور نیب الیکشن کمیشن کو ڈیفالٹرز کی فہرست آج فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام اراکین پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلی، میئر، ناظمین اور کونسلرز کی نادہندہ ہونے کی صورت میں تفصیل فراہم کریں۔نور عالم خان نے الیکشن کمیشن حکام سے سوال کیا کہ ایک شخص 7 کروڑ کا نادہندہ ہے وہ 9 حلقوں سے کیسے الیکشن لڑ رہا ہے؟ الیکشن کمیشن نورعالم خان سمیت کسی نادہندہ کو نہ بخشے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے جواب میں بتایا کہ ایک سے زیادہ مقامات سے الیکشن لڑنا پیسے کا ضیاع ہے، قانون میں ایسی قدغن نہیں کہ کوئی دوسری جگہ سے الیکشن نہیں لڑسکتا، ہم یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے رکھیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی کریں گے، کوئی امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔

نور عالم خان نے ہدایت کی کہ افواج پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کو نوٹس جاری کیا جائے اور جو لوگ ذہنی طور پر فٹ نہیں، انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کی 9 نشستوں سے ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close