عمران خان کا پشاور میں آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق ایک اور بڑا بیان

پشاور (پی این آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نے کہا تھا نوازشریف، زرداری دو ڈاکو ہیں ان کو پاکستان کا آرمی چیف منتخب نہیں کرنا چاہیے، اس میں کیا غلط بات تھی؟۔

 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے پرسوں کہا تھا آرمی چیف کی سلیکشن میرٹ پر ہونی چاہیے، مجھے بتاؤ جو خیر خواہ ہوتا ہے وہ یہی کہے گا میرٹ پر سلیکشن کرو، اس میں کیا غلط بات تھی؟ میں نے کہا تھا نوازشریف، زرداری 2 ڈاکو ہے ان کو پاکستان کا آرمی چیف منتخب نہیں کرنا چاہیے، نواز شریف مفرور ہیں، ان کی اربوں کی پراپرٹی پکڑی گئی، کیا ایک چور، بھگوڑے، مفرور کو پاکستان کا آرمی چیف منتخب کرنا چاہیے؟۔عمران خان نے کہا کہ جب بیرونی سازش کے تحت حکومت کوگرایا تو پہلا جلسہ پشاورمیں کیا، پشاور والوں نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، میرے خلاف ایک بڑا منظم پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ نوجوانوں کو حقیقی آزادی اور کلمے کا مطلب سمجھانا چاہتا ہوں۔

 

 

ہم زنجیروں کی وجہ سے اوپر پرواز نہیں کر پا رہے، نبی ﷺ کی سنت پر چلتے ہوئے قوم کو جگانا چاہتا ہوں تاکہ یہ زنجیریں ٹوٹ جائیں، چوروں کا ٹولہ پروپیگنڈہ کر رہا ہے، امریکی سازش کے تحت چوروں کے ٹولے کومسلط کیا گیا، چوروں کے ٹولے کو پاکستان کو نیچے لیجانے کے لیے مسلط کیا گیا، ہم پاکستان کوعلامہ اقبالؒ کے خواب جیسا عظیم ملک بنانا چاہتے ہیں، ہم دنیا بھرمیں سبز پاسپورٹ کی عزت کرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوروں کے ہوتے ہوئے سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں ہو سکتی، ہم پاکستان کی عزت کرانا چاہتے ہیں، اگر شہباز شریف غیرت مند وزیراعظم ہوتا تو چوری کیا ہوا اپنا پیسہ ملک لاتے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ چوروں کے ٹولے کو پتا چل گیا مجھے شکست نہیں دے سکتے، تھری اسٹوجزکوپتا ہے جب بھی الیکشن ہوا شکست ہوگی، اب یہ مجھے کسی طرح ڈس کوالیفائی کرنے کے لیے سازشیں کر رہے ہیں۔مجھے دہشت گرد بنا دیا گیا ہے، ان کا حال ایسا ہے جب کوئی ٹیم ہارنے لگے تو وکٹیں ہی اٹھا لیتے ہیں، پہلے کوشش ہے عمران خان کو نا اہل کروایا جائے، دوسری ان کی کوشش سب سے بڑی جماعت کو فوج، عدلیہ کے ساتھ لڑایا جائے، ان کا پروپیگنڈا سیل پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا قوم سب سمجھ گئی ہے، چوروں کا ٹولہ مجھے دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہا ہے، سب سن لو جتنا مجھے دیوار سے لگاؤ گے اتنا ہی میں لڑوں گا،7ماہ سے میں عوام کوحقیقی آزادی کے لیے تیار کر رہا ہوں، پاکستانیوں جب کال دوں توآپ نے میرے ساتھ نکلنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close