عمران خان کا آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق متنازعہ بیان

فیصل آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نیا آرمی چیف کسی کی پسند کا نہیں بلکہ میرٹ پر ہونا چاہیے، نواز شریف اور زرداری ملک کے غدار ہیں کیا یہ جن بیرونی طاقتوں کے غلام ہیں ان سے این او سی لے کر آرمی چیف تعینات کریں گے؟فیصل آباد میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے نئے آرمی چیف کی نومبر میں تعیناتی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

 

 

انہوں نے کہا کہ زرداری نے میمو گیٹ میں امریکیوں سے کہا تھا کہ مجھے پاکستانی فوج سے تحفظ چاہیے، ادھر نواز شریف ڈان لیکس میں ہندوستان کو کہتا ہے کہ حکومت تو چاہتی ہے لیکن فوج دہشت گردی نہیں روک رہی، برکھا دت کہتی ہے کہ یہ چھپ کر اپنی فوج سے ڈر کر نریندر مودی سے ملا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ زرداری اور نواز شریف کا پیسہ باہر پڑا ہے، یہ دونوں ملک کے غدار ہیں، ساری قوم کو کہتا ہوں کہ یہ سیکیورٹی رسک ہیں، جو بیرونی طاقتیں انہیں لے کر آئیں یہ ان کے غلام ہیں، کیا آرمی چیف ان سے این او سی لے کر بنائیں گے؟انہوں نے کہا کہ کسی صورت اس ملک کی تقدیر ان دونوں کے ہاتھ میں نہیں ہونی چاہیے، اس ملک کا آرمی چیف میرٹ پر ہونا چاہیے، جو میرٹ پر ہے اسے چیف ہونا چاہیے ، کسی کی پسند کا آرمی چیف نہیں ہونا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close