سیلاب متاثرین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے پر ایک ایجنٹ گرفتار کر لیا گیا

جیکب آباد ( آئی این پی) سیلاب متاثرین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے پر پولیس نے ایک ایجنٹ کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین کی مدد کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 25ہزار روپے کی قسط جاری ہونے کے بعد ایجنٹ مافیا سرگرم ہوگیا ہے ، ڈوائس مافیا کی جانب سے متاثرین کی امدادی رقم میں سے جبری طور پر 2ہزار روپے کٹوتی کی جارہی ہے،

ایجنٹ مافیا کی جانب سے متاثرین کی امدادی رقم میں کٹوتی کی شکایات پر ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور چنہ نے ضلع کے تمام پولیس اسٹیشن کو رقم میں کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ، گذشتہ روز اے سیکشن تھانہ ٹھل کی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے سیلاب متاثرین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے والے ایک ملزم عبید اللہ کنڈرانی کو گرفتار کرلیا ہے پولیس کی جانب سے متاثرین کی رقم سے کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف کاروائی کے اعلان کے باوجودتاحال کئی با اثر ایجنٹ سرعام کٹوتی کرنے میں مصروف ہیں معلوم ہوا ہے کہ متاثرین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کو سیاسی رہنماؤں کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے پولیس بھی ان کے خلاف کاروائی کرنے سے گریز کررہی ہے، متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ کٹوتی کرنے والے تمام ایجنٹس کو گرفتار کرکے متاثرین کو پوری رقم دلوائی جائے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close