چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان کو بڑی پیشکش کر دی

لاہور(پی این آئی)وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان گجرات سے الیکشن لڑ کر دیکھیں ، ووٹ ختم نہیں ہوںگے۔عمران خان کے سوا کالا باع ڈیم کوئی نہیں بنا سکتا ۔عمران خان ہی پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنا سکتے ہیں۔عمران خان دو تہائی اکثریت لے کر آئیں گے اور پاکستان کا نقشہ بدل دیں گے ۔سب مل کر عمران خان کی صحت اور عمردرازی کے لئے دعا کریں۔

 

گجرات کے ظہور الہی سٹیڈیم میں بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعلٰی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ گجرات کی دھرتی وفا کی سرزمین ہے۔ گجرات میں سب سے زیادہ نشان حیدر ہیں ، کوئی جنگ ایسی نہیں جس میں اس دھرتی کے سپوتوں نے جام شہاد ت نوش نہ کیا ہو۔  وزیر اعلی پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کو یونیورسٹی آف گجرات بھی لے کر جاؤں گا۔ گجرات یونیورسٹی کے 17 ہزار طلبہ میں 10ہزار طالبات ہیں ۔ آج گجرات کی بچیاں پڑھ کر خاندانوں کی اچھی تربیت کر رہی ہیں ۔تعلیم اور روزگار ہی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے۔ عمران خان کے آنے کی خوشی میں گجرات میں بہت بڑی انجینئرنگ یونیورسٹی بنائیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے گجرات میں بہت بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ فنکشنل ہو چکی ہے۔ فین ، فرنیچر اور برتن سازی وغیرہ میں گجرات انڈسٹری کو لیڈ کر رہا ہے۔

 

وزیر اعلی نے بتایا کہ ایک موقع پر حمزہ نے گجرات یونیورسٹی میں طالبات سے کہا کہ ہم نے لیپ ٹاپ دیا ، ہمیں الیکشن میں یاد رکھیں -طالبات نے حمزہ کو کہا کہ جس نے یونیورسٹی بنائی اسے کیوں نہ یاد رکھیں ۔ وزیر اعلی پرویز الٰہی نے کہا کہ گجرات عمران خان سے محبت کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ ہے۔ عمران خان گجرات سے الیکشن لڑ کر دیکھیں ، ووٹ ختم نہیں ہوںگے- وزیر اعلی نے بتایا کہ وزیر آباد کارڈیالوجی شہباز شریف نے بند کر دیا ، عمارت تیار تھی ، سٹاف نہیں تھا۔ شہباز شریف مجھ سے دشمنی کر لو، دل کے مریضو ںسے دشمنی نہ کرو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر آباد کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو 5 سو بیڈ کاجدید ترین ہسپتال بنائیں گے -دل کے امراض کا بہترین علاج وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close