کراچی (پی این آئی) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے اگلے 3 ماہ تک کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں،،ملک میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے،پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں متاثرین کو ریلیف پہنچانے میں مصروف عمل ہیں۔امتیاز شیخ نے وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 300 یونٹ تک فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے خاتمے سے غریب و متوسط طبقے کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے ایک سو 30 ارب روپے کی امداد کا اعلان وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور اتحادی حکومت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے اور عمران خان سیاست سیاست کھیل رہا ہے، اقتدار کی ہوس میں مبتلا عمران خان سے وزیراعظم ہاؤس اور توشاخانہ بھلایا نہیں جا رہا ہے۔امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ عمران خان سیلابی صورتحال میں جلسے اور سیاست کر کے متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے، عمران خان سیلاب زدگان سے زیادہ شہباز گل کی فکر میں مبتلا ہے۔ وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں مشکل کی گھڑی میں متاثرین کو ریلیف پہنچانے میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ کے تمام وزرا اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سیلاب متاثرین کے درمیان موجود ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں