اسلام آباد(پی ای آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر منظور وسان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری شواہد نہ ملنے کے باعث بند کر دی۔آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس میں نیب پراسیکیوٹر نے سندھ ہائیکورٹ میں تحریری جواب جمع کرایا جس میں بتایا کہ منظور وسان کے خلاف الزام ثابت نہیں ہوا اس لیے ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق انکوائری بند کر دی گئی ہے۔
نیب نے انکوائری سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ منظور وسان کی آمدن سے متعلق ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا، منظور وسان کے 2005 سے لیکر 2019 تک کے اثاثوں کی انکوائری کی گئی، فائنڈنگز کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انکوائری صرف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق بند کی جا رہی ہے، اس انکوائری کا اثر کسی نئی انکوائری یا پہلے سے جاری انویسٹی گیشن پر نہیں ہوگا۔نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے منظور وسان سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں