بڑی تعداد میں حکومتی دھڑے پی ٹی آئی میں شامل، تحریک انصاف میں شمولیت کرنیوالوں کا تانتا بندھ گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومتی دھڑے اپوزیشن کی جماعت میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر دباؤ اور ہتھکنڈوں کے استعمال کے باوجود تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔

 

فواد چوہدری نے کہا کہ آج رحیم یار خان اور ننکانہ سے بڑے دھڑے تحریک انصاف میں شامل ہو گئے،لوگ اپوزیشن سے حکومتوں میں جاتے ہیں لیکن اب حکومتی دھڑے اپوزیشن کی جماعت میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کیلئے بڑا سیاسی نقصان ہوا، پنجاب کی سیاست کے اہم نام، سابق لیگی رکن اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔بتایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی بڑی سیاسی وکٹ اڑا لی۔ این اے 117 ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے سابق رکن اسمبلی طارق باجوہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طارق باجوہ نے 2018 کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر 69 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔ طارق باجوہ مسلم لیگ ن کے امیدوار سے محض ڈھائی ہزار سے کچھ زائد ووٹوں سے شکست کھا گئے تھے، جبکہ اسی حلقے میں تحریک انصاف کے امیدوار نے بھی 67 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق طارق باجوہ نے بدھ کے روز بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور اس موقع پر تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ طارق باجوہ کی شمولیت کے بعد تحریک انصاف نے این اے 117 ننکانہ صاحب سے انہیں ہی قومی اسمبلی کی نشست کیلئے ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن لڑنے والے امیدوار کو اب شیخوپورہ سے ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close