توہین عدالت کے مرتکب شخص کو سزا دئیے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا، وزیر قانون کا مطالبہ

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ توہین عدالت کے مرتکب شخص کو سزا دئیے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا، عمران خان پر بھی باقی سب کی طرح قانون لاگو ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ معزز ججز کو جلسوں میں ڈرایا گیا، خاتون جج کسی کی بیٹی، بہن اور ماں بھی ہے ۔ پاکستان کے سب سے بڑے عہدے پر رہنے والے کو بڑے توازن سے گفتگو کرنی چاہیے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنگین نوعیت کے توہین عدالت کی سماعت میں عدالت نے نرمی کا مظاہرہ کیا ۔ عمران خان کے بارے میں لاڈلے ہونے کا تاثر پایا جاتا ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ بارہا عمران خان کو مواقع دئیے جاتے رہے ہیں ، اس کیس میں بھی قانون معیار کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انصاف کامعیارسب کیلئےیکساں ہوناچاہیے،طلال چودھری،دانیال عزیزتوہین عدالت کیس میں نااہل ہوئے،انہیں عدالت کے فیصلوں پر سزائیں بھی بھگتنا پڑیں،نہال ہاشمی اس فیصلے کے تناظر میں جیل بھی گئے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کی رو سے عمران خان پر بھی دیگر سیاستدانوں کی طرح فیصلہ ہونا چاہیے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک ایسے شخص نے نامناسب الفاظ استعمال کیے جو ملک کا وزیراعظم رہا ہے،عمران خان الیکشن کمیشن سمیت ہر ادارے کو للکارتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close